میونسپل لائبریری میں طالبات کو ہراساں کرنے کی شکایات

میونسپل  لائبریری  میں  طالبات  کو  ہراساں  کرنے  کی  شکایات

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام چلنے والی میونسپل لائبریری میں افسروں ا ور ملازمین کی جانب سے طالبات کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔۔

چیف آفیسر زبیر وٹو کار روائی کی بجائے معاملہ دبانے کیلئے کوشاں ہیں شکایت کیلئے آنے والی طالبات کو تسلی دے کر گھر بھجوا دیا گیا لیکن ہر اساں کرنے والے ملازمین کے خلاف کوئی کارر وائی نہ کی گئی ۔میونسپل کارپوریشن کی برانچ میونسپل لائبریری میں تعینات سپرنٹنڈنٹ سہیل سندھو اور ہیڈ کلرک شہزاد علی خان کی جانب سے مبینہ طور پر لائبریری آنے والی طالبات کو ہر اساں کیا گیا ذرائع کے مطابق4طالبات لائبریری پہنچیں تو سپرنٹنڈنٹ سہیل سندھو اور ہیڈ کلرک شہزاد علی خان نے طالبات کے کپڑوں اور نیل پالش کے رنگوں پر جملے کسے جس پر طالبات نے بھی شدید رد عمل کا اظہار کیا ذرائع کے مطابق طالبات اس معاملے کی شکایت لے کر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو کے دفتر پہنچیں لیکن چیف آفیسر نے اس معاملے پر کوئی ایکشن نہ لیا بلکہ طالبات کو سمجھا بجھا کر واپس بھجوا دیا گیا کہ معاملہ منظر عام پر آئے گا تو آپ کی بدنامی کا سبب بنے گا ذرائع کے مطابق میونسپل لائبریری میں تعینات عملے کو مبینہ طور پر انچارج میونسپل لائبریری تحسین خالد کی مکمل حمایت حاصل ہے پہلے بھی اس طرح کے واقعات ہوئے لیکن خواتین عزت کے خوف سے خاموش رہیں جس پر ملازمین کو چھوٹ مل گئی فیصل آباد میں خاتون ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن و کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعید کے ہوتے ہوئے بھی خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں میونسپل لائبریری میں تعینات ملازمین کی حرکتوں کی وجہ سے طالبات لائبریری جانے سے بھی خائف ہیں طالبات نے کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور ملازمین کی پشت پناہی کرنے والے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو کے خلاف محکمانہ کار روائی کی جائے اور لائبریری میں خواتین سٹاف تعینات کیا جائے معاملے سے متعلق چیف آفیسر میونسپل کارہوریشن زبیر وٹوکا کہنا ہے کہ انکوائری کروائی جارہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں