ٹائر جلانے،ماحول آلودہ کرنیوالوں کو گرفتار کرنے کا حکم
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر نے ٹائرؤں کو آگ لگاکر ماحول کو آلودہ کرنے والوں کو گرفتار کرکے حوالہ پولیس کرنے کا حکم دیا اور کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا موجب بننے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ سموگ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کی اور محکمہ تحفظ ماحول کی کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ صنعتی یونٹس کو صبح اور رات کے اوقات میں مسلسل چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسپکشن کے بعد قانونی ایکشن سے واضح فرق نظر آنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی اس ضمن میں مزید متحرک ہوں اور محکمہ تحفظ ماحول کی ٹیموں کیساتھ مکمل کوآرڈینیشن سے نتیجہ خیز کارروائیاں کی جائیں۔انہوں نے فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں کو قانون کے سخت شکنجے میں لانے اور انہیں بھاری جرمانے کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے ٹریفک پولیس اور سیکرٹری آرٹی اے کو شاہرات پر دھواں دینے والی وہیکلز کو انجن کی مرمت نہ ہونے تک بند رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے بھٹوں کی مسلسل چیکنگ کرکے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے اینٹوں کے بھٹوں کی تعمیرات مسمار کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ایام میں سموگ کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے اس ضمن میں کسی قسم کی عدم توجہی یا غفلت کی گنجائش نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کام چور عناصر کی ضلع میں کوئی جگہ نہیں۔