ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ادویات کا فقدان نہیں:ڈاکٹر احمد
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چنیوٹ ڈاکٹر احمد خان نے کہا ہے کہ ہسپتال میں ادویات کا فقدان نہیں، 250 روپے کے سرکاری ریٹ پر مریضوں کو ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولت میسر ہے ۔۔۔
سرجیکل وارڈ میں قائم نئے یونٹ کا افتتاح کر دیا گیا ،مریضوں کوسہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر احمد خان نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چنیوٹ میں مریضوں کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ، ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کے رش کے پیش نظر کیفے ٹیریا سے ملحقہ جگہ پر نیا وارڈ ایمرجنسی کے لیے مختص کیا گیا ہے تا کہ مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو، اس کے علاوہ ضلع چنیوٹ کیلئے 125 بیڈز پر مشتمل نئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کیلئے بھی کام کر رہے ہیں، ہسپتال میں سی ٹی سکین، ڈیجیٹل ایکسرے ، الٹراساونڈ سمیت بلڈ ٹیسٹ کی تمام سہولیات بلاتعطل فراہم کی جا رہیں ہیں، ہسپتال علاج معالجے کیلئے آنے والے مریضوں کو ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور پر ادویات بھی دی جا رہی ہیں،شوگر کے مریضوں کو مرحلہ وار انسولین بھی فراہم کی جارہی ہے ۔