سکولوں کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے :ڈی سی جھنگ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈرنے محکمہ تعلیم کے افسران،دو گورنمنٹ سکولوں کے اساتذہ،متعلقہ سکول کونسل کے ممبران اور طلباء سے میٹنگ کی۔
اس موقع پر سکولوں میں بہتری اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر کرنے کے حوالے سے بریفنگ لی گئی اور ضروری امور بارے احکامات جاری کئے گئے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سکولوں کی مانیٹرنگ اور تعلیمی امور کی بہتری کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں ایجوکیشن افسران سکولوں کا دورہ کرکے تدریسی و دیگر امور کی نگرانی کو یقینی بنائیں اور اس حوالہ سے سکولوں میں سہولیات کے حوالہ سے جائزہ لیکر رپورٹ پیش کی جائے ۔ سکولوں میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے تمام میسر وسائل بر ؤے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ معیاری تعلیم کا فروغ تسلسل سے جاری رہے ۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈرنے محکمہ صحت کی محکمانہ سروسزکا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں محکمہ صحت کے افسران سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت تمام تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت پر طبی سہولیات و ادویات کی دستیابی بارے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کیں کہ لوگوں کو صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی تعطل اور رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے ۔