ایف ڈی اے کی غفلت ، گرین ایریاز پر غیر قانونی رہائشی کا لونیوں کی تعمیر جاری

ایف  ڈی  اے  کی  غفلت  ،  گرین  ایریاز   پر  غیر  قانونی  رہائشی  کا لونیوں  کی  تعمیر  جاری

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ایف ڈی اے حکام کی غفلت ،گرین ایریاز پر غیر قانونی رہائشی کالونیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری۔

تفصیلات کے مطابق لاہور اور دیگر شہروں کی طرح صنعتی شہر فیصل آباد بھی شدید سموگ کی لپیٹ میں ہے ،ماہرین کے مطابق سموگ کی وجوہات میں دھویں اور آلودگی کے ساتھ ساتھ درختوں کی کٹائی بھی بڑی وجہ ہے ، فیصل آباد میں ایک طرف گرین ایریاز تیزی سے ختم ہورہے ہیں تودوسری جانب فیکٹریوں کی چمنیاں بھی دھواں چھوڑ رہی ہیں ،یہ دھواں درختوں اور فصلوں کی غیر موجودگی کی وجہ سے فلٹر نہیں ہوتا اور فضا میں معلق ہوکر سموگ کی شکل اختیار کرلیتا ہے ۔ ایف ڈی اے کی نااہلی سے فیصل آباد میں زرعی رقبہ جات تقریبا ختم ہوچکے ، نئی سے نئی غیر منظور شدہ اور غیر قانونی رہائشی کالونیاں بن رہی ہیں، یشتر کالونیاں ایسی ہیں جو ایف ڈی اے کے ریکارڈ میں ہی نہیں ، ایسی کالونیوں کے ڈویلپرز اورکالونیوں کے خلاف کوئی کارروائی بھی نہیں کی جاتی۔ فیصل آباد میں ایف ڈی اے کی غفلت کے باعث غیر رجسٹرڈ نجی رہائشی کالونیوں کی غیر قانونی تشہیر کا سلسلہ بھی بند نہیں ہوسکا شہر اور گرد و نواح میں سینکڑوں غیر قانونی رہائشی کالونیاں موجود ہیں جہاں تمام تر سہولیات کا جھانسہ دیا جاتا ہے ، شہری مہنگے داموں زمین تو خرید لیتے ہیں مگر معاہدے میں طے کی جانے والی سہولیات ان کو فراہم نہیں کی جاتی،ایسی سینکڑوں نجی غیرقانونی رہائشی کالونیوں میں سے صرف چند ایک کے خلاف ہی کارروائی ہوتی ہے دیگر ڈویلپرز کو عوام کو لوٹنے کے لیے کھلا چھوڑ دیا جاتا ہے ،سیل شدہ کالونی میں بھی پلاٹوں کی خرید و فروخت اور انتقالات کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس کی وجہ سے مزید گرین ایریاز ختم کرنے کی شہہ ملتی ہے ۔ معاملے سے متعلق موقف لینے کے لیے ڈی جی ایف ڈی اے آصف چودھری سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے موقف دینے سے گریز کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں