اشیاء کی قیمتیں مستحکم رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہے :علی اکبر
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول میکنیزم کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔۔۔
اس ضمن میں متعلقہ محکمے اپنا فعال اور متحرک کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو روزانہ کی انسپکشن بڑھانے اور خلاف ورزی پر سخت ایکشن لینے کے بھی احکامات جاری کئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر علی الصبح سبزی و فروٹ منڈیوں کا دورہ کریں، اس حوالہ سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی روزانہ کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا۔دوسری طرف ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران سے میٹنگ کی جس میں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت تمام ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی و دیگر تمام سروسز پر بریفنگ لی اور مزید بہتری کے حوالے سے احکامات جاری کئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلع کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت تمام تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت پر سروس ڈیلیوری کے عمل کی موثر اور مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے ، اس ضمن میں محکمہ صحت کے افسران و ڈاکٹرز لوگوں کی صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔