ہاسٹلز اور ہوٹلز کی آڑ میں بد کاری کے اڈے چلانے کے انکشافات

ہاسٹلز اور ہوٹلز کی آڑ میں بد کاری کے اڈے چلانے کے انکشافات

فیصل آباد(عبدالباسط سے )رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز میں ہاسٹلز اور ہوٹلز کی آڑ میں مبینہ طور پر بااثر افراد کی جانب سے بدکاری کے اڈے چلائے جانے کے انکشافات سامنے آنے لگے ۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں با اثر اور ہائی پروفائل تعلقات کے حامل جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے شہر میں ہاسٹلز اور ہوٹلز کی آڑ میں مبینہ طور پر بدکاری اور جرائم کے اڈے چلائے جا رہے ہیں ،با اثر شخص کی جانب سے ہریانوالہ روڈ، امین ٹاؤن، گیٹوں والا چوک، کینال روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ہوٹلز کی آڑ میں بدکاری کے اڈے قائم کئے گئے ہیں جہاں مبینہ طور پر ہمہ وقت غیر اخلاقی حرکات کرنے والے افراد موجود رہتے ہیں۔ اسی طرح غلام محمد آباد، گلبرگ، عید گاہ روڈ، بٹالہ کالونی، وارث پورہ، پیپلز کالونی، ڈی گراؤنڈ، مدینہ ٹاؤن اور سمن آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی بدکاری کے اڈے قائم ہیں۔ ان اڈوں پر آنے والے افراد کو گھنٹوں کے حساب سے پیسوں کے عوض کمرے فراہم کیے جاتے ہیں اور انہیں مبینہ طور پر پولیس کارروائی نہ ہونے کی گارنٹی بھی دی جاتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ علاقوں کے تھانہ جات میں تعینات پولیس افسران اور ملازمین کی جانب سے اس دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے مبینہ طور پر ان سے ماہانہ بھاری نذرانے وصول کر کے خاموشی اختیار کر لی جاتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق رہائشی علاقوں میں قائم بدکاری کے اڈوں کی وجہ سے نوجوان نسل خصوصی طور پر طلبہ و طالبات کا مستقبل بھی داؤ پر لگتا دکھائی دے رہا ہے ۔ اہل علاقہ اور دیگر شہریوں کی پولیس حکام کو متعدد بار شکایات کے باوجود پولیس اقدامات اٹھانے میں غیر سنجیدہ ہے ۔ معاملے پر سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ اور وارداتوں کی روک تھام کیلئے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں