ٹوبہ:مریضوں کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن سسٹم سے شہری پریشان
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کا نظام شہریوں کیلئے وبال جان بن گیا۔۔۔
ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ہر وقت سسٹم لنک ڈاؤن کے باعث علاج معالجہ کیلئے کمپیوٹر پرچی کا حصول مشکل ترین مرحلہ بن چکا جبکہ پرچی کیلئے خوار ہو نے کے بعدچیک اپ کیلئے گھنٹوں آؤٹ ڈور کے باہر انتظار کی سولی پر لٹکنے سے مریض پریشان ہو کر رہ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں شہری علاج معالجہ کیلئے آتے ہیں تو انہیں کمپیوٹر پرچی لینے کیلئے گھٹنوں لائنوں میں کھڑے ہونا پڑتاہے ، مردوخوا تین کیلئے الگ الگ لمبی لائنیں لگنے سے پرچی تاخیر سے ملتی ہے ، جس کا سبب عملہ کی طرف سے کمپیوٹر کا سسٹم لنک ڈاؤن ہونا اور سپیڈ کا انتہائی کم رہنا بتایا جاتا ہے ،پرچی کے بعد مریضوں کو نرسنگ کاؤنٹر پر بھیجا جاتا ہے ،جہاں سے نرسز مریض سے بیماری کا پوچھ کر کمپیوٹر ہی کے ذریعے متعلقہ ڈاکٹر ز کی طرف ریفر کرتی ہیں ، جس میں ایک بار پھر سسٹم لنک ڈاؤن اور سپیڈ کم کے جواز کے سبب گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے ، جب مریض آٹ ڈور کے باہر چیک اپ کیلئے جاتے ہیں تو وہاں بھی لمبی لائن لگی ہوتی ہے ، پرچی دینے والا عملہ سفارشی مریضوں کو پہلے کمپیوٹر میں پرچیاں بنا کر دیتا ہے جبکہ لائنوں میں لگے مریض گھنٹوں انتظار پر مجبور رہتے ہیں ۔ عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پرچی لینے کاطریقہ کار انتہائی آسان بناکر مریضوں کو ریلیف دیاجائے ۔