بھوآنہ :مذبحہ خانہ گندگی ، آلائشوں اور بیماریوں کا گڑھ بن گیا
بھوآنہ (نمائندہ دنیا )بھوآنہ کا مذبحہ خانہ گندگی ، آلائشوں اور بیماریوں کا گڑھ بن گیا ۔تفصیلات کے مطابق شہر کے مذبحہ خانے کی حالت ابتر ہو گئی اور وہاں غلاظت اور گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں،گندے پانی کی نکاسی کا نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا ۔
آلائشوں کی وجہ سے وہاں آوارہ کتوں نے ڈیرے جما رکھے ہیں،انتظامیہ میونسپل کمیٹی کی عدم توجہ کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ قدیمی مذبحہ خانہ ہے ، اس کے اردگرد رہائشی عمارتیں بن چکی ہیں جن کے مکین شدید اذیت کا شکار ہیں۔آلائشوں اور گندگی سے تعفن اٹھ رہا ہے جس سے سانس لینا بھی مشکل ہو گیا ، اس کے ساتھ گندے پانی میں مچھروں کی بہتات ہو چکی جس کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں ۔شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذبحہ خانہ ہ کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے اور منتقلی تک اس کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔