اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ برداشت نہیں :علی اکبر
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے کہا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس ضمن میں پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں زیادہ سے زیادہ انسپکشنز کریں اور خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر دیگر متعلقہ ضلعی افسران بھی موجود تھے ۔ اجلاس کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے محکمانہ سروسز بارے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو انسپکشن بڑھانے اور اوورچارجنگ کی شکایات پر سخت ایکشن لینے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت مصنوعی مہنگائی کرنے والوں، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی روزانہ کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا،افسران پرائس کنٹرول میکنیزم کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کریں۔