منشیات فروش معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہے :عبداللہ احمد
چناب نگر(نامہ نگار )ڈی پی او چنیوٹ عبداﷲاحمدنے کہا ہے کہ منشیات فروش معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔۔۔
نا جانے کتنے لوگ ان افراد کی بھینٹ چڑھ چکے ، تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان ناسوروں کا خاتمہ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوے کیا ۔ڈی پی او چنیوٹ نے مزید کہا کہ منشیات سے نوجوان نسل بری طرح تباہ ہورہی ہے ، طلباء کو منشیات کے نقصانات سے آگاہی دینا بھی بہت ضروری ہے ، انشاء اﷲضلع چنیوٹ کو منشیات سے پاک کر کے اپنی نسلوں کو نشہ کی لعنت سے بچایا جائے گا، منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں کا عمل بھی جاری ہے اور منشیات فروشوں کو عدالتوں سے سزائیں بھی دی جارہی ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس منشیات کے خاتمے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے تاہم عوام کو بھی چاہیے کہ منشیات کے مکمل خاتمہ کے لیے پولیس کا ساتھ دیں ۔