تجاوزات کی وجہ سے منیر چوک میں ٹریفک جام معمول ، ایمبولینس کا گزرنا بھی محال
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)شہر کے گنجان ترین علاقے منیر چوک سول ہسپتال روڈ پر تجاوزات بڑھ گئی ہیں۔ تجاوزات کی وجہ سے منیر چوک میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا۔
منیر چوک میں سول ہسپتال سمیت درجنوں پرائیویٹ ہسپتال موجود ہیں جہاں سارا دن مریضوں کی آمدورفت رہتی ہے ۔ ایمبولینس بھی آتی جاتی ہیں مگر تجاوزات کی وجہ سے یہاں سے گزرنا بھی محال ہے ۔ منیر چوک کے اردگرد فٹ پاتھوں پر ریڑھی والوں اور دکانداروں نے قبضہ جما رکھا ہے جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کیلئے بھی کوئی راستہ نہیں۔ پیدل چلنے والے سڑک پر چلنے پر مجبور ہیں۔ ریڑھی والوں نے فٹ پاتھوں پر باقاعدہ اڈے سجا رکھے ہیں جبکہ کارپوریشن کے عملے نے اس معاملے میں آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ انجمن تاجران کمپیوٹر مارکیٹ نے بھی اس صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے اور کمشنر گوجرانوالہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے کہ منیر چوک کو تجاوزات سے پاک کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔