ججز تعیناتی میں میرٹ کویقینی بنایا جائیگا :شمشاد باجوہ

ججز تعیناتی میں میرٹ کویقینی بنایا جائیگا :شمشاد باجوہ

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ممبر جوڈیشل کونسل پاکستان شمشاد احمد باجوہ نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا مقصد ججز کی تعیناتی کو میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنانا ہے۔۔۔

 جس کیلئے 26 ویں ترمیم کے تحت بنایا جانے والا جوڈیشل کونسل شفافیت پر مبنی پالیسیاں بنارہی ہے ۔ سیالکوٹ ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے اعزازمیں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نئے ججز کی تعیناتی کیلئے رولز بنا د ئیے گئے ہیں جوامیدواراس معیار پر پورا اترے گا اسی امیدوار کا نام فائنل لسٹ میں آئیگا اور اسکے بعد تمام مراحل سے گزر کر ہی وہ جج بننے کا اہل ہوگا۔انہوں نے مزید کہاکہ جوڈیشل کونسل اس پالیسی پر بھی کام کر رہی ہے کہ کسی بھی جج کو تعینات کرنے سے قبل اسکی قانون کی ڈگری سمیت دیگر تعلیماتی سرٹیفکیٹ و ڈگریوں کی جانچ پڑتال کی جائے تاکہ تعیناتی سے قبل ہی تمام شک و شبہات دور ہوجائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی کی زیادہ تر ذمہ داری وکلا برادری پر ہے لہذا وکلاء قانون کی کتابوں کیساتھ دوستی کا رشتہ مضبوط کریں تاکہ قانون کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد مل سکے ۔ اس موقع پر پاکستا ن ٹیکس بار کے سابق صدر آفتاب حسین ناگرہ اور پیٹرن سجاد احمد بٹ نے شمشاد احمد باجوہ کو ممبر جوڈیشل کونسل آف پاکستان بننے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ججز کی تعیناتی سمیت دیگر ذمہ داریوں کو آئین و قانون کے تحت بغیر کسی دباؤ و سفارش میرٹ کی بنیادپر نبھائیں گے ۔تقریب میں سیالکوٹ بار کے سابق صدور چودھری شوکت، خواجہ عرفان، عاصم دیو ،سینئر وکلاء اکبر علی راہی، شاہد اقبال وریاہ، میاں عمیر اشرف و دیگر نے بھی شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں