ہماری جدوجہد کامقصد اسلامی نظام کاقیام ہے :امیرالعظیم
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہاہے کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک کے اندر صرف اللہ کا دین ہی کامیاب ہو سکتا ہے۔۔۔
جماعت اسلامی کی ساری جدوجہد کامقصد وطن عزیز میں اسلامی نظام کاقیام ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں ضلعی وزونل ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیرجاویدقصوری،ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ،سیکرٹری یاسراقبال کھارا نے بھی خطاب کیا۔ امیرالعظیم نے مزید کہا کہ پاکستان کو اغیار کی غلامی میں دینے والے حکمران خود کو قوم کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے ، آج پاکستان کی معیشت برباد ہو چکی ،حکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک غربت اور جہالت میں ڈوبا ہوا ہے لیکن ہماری سول اور غیر سول افسرشاہی اپنے ٹھاٹھ باٹھ چھوڑنے کو تیار نہیں ،جو حکومت آتی ہے وہ پروٹوکول اور اپنی مراعات کے حصول میں کمی تو کرتی نہیں بلکہ الٹا ملک کو مزید قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیتی ہے ۔جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہمارے ملکی اور قومی مسائل کے بارے میں پالیسیاں بنانے والے اصل لوگ عوام کو درپیش مسائل سے واقفیت ہی نہیں رکھتے ، مٹھی بھر اشرافیہ نے پوری قوم کویرغمال بنایا ہوا ہے ، ہمیں اپنے پیغام کو ہر گھر میں پہنچانا ہے ۔