کمسن عباد کی موت قابض میئر کی نااہلی کانتیجہ،منعم ظفر

کمسن عباد کی موت قابض میئر کی نااہلی کانتیجہ،منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شاہ فیصل کالونی کے شادی ہال کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے ۔۔

کمسن عباد کے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قابض میئر اور سندھ حکومت کی نا اہلی و مجرمانہ غفلت کو بچے کی موت کا ذمہ دار قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور قابض میئر خود کچھ کرتے نہیں اور نہ کسی اور کو کرنے دیتے ہیں۔ شہر بھر میں گٹر کے ڈھکن لگانے کی ذمہ داری واٹر کارپوریشن کی ہے جو سندھ حکومت کے ماتحت اور مرتضیٰ وہاب اس کے چیئر مین ہیں لیکن یہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی، گٹر کے ڈھکن کے لیے ٹاؤن اور یوسیز کو فنڈز جاری نہیں کیے جاتے ، جماعت اسلامی نے اپنے ٹاؤن اور یوسیز میں اپنی مدد آپ کے تحت بڑی تعداد میں گٹر کے ڈھکن لگائے ہیں۔ قابض میئر کے حلف اُٹھاتے ہی شہر میں کھلے مین ہولز اور گٹر کے ڈھکنوں کا مسئلہ سامنے آیا تھا اور مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا تھا کہ بہت جلد شہر بھر میں تمام یوسیز کو ان کی ضرورت اور مطلوبہ تعداد کے مطابق گٹر کے ڈھکن فراہم کیے جائیں گے لیکن ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزرگیا ان کا یہ اعلان بھی صرف نمائشی ثابت ہوا ۔انہوں نے کمسن عباد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بچے کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر ِ جمیل کی دعا کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں