الائیڈ ہسپتال : ریویمپنگ میں ناقص وائرنگ ، آتشزدگی معمول
فیصل آباد(بلال احمد سے )الائیڈ ہسپتال کی ریویمپنگ کے دوران مبینہ طور پر ناقص وائرنگ کا استعمال، شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کا تیسرا واقعہ رپورٹ۔
تفصیلات کے مطابق الائیڈ ہسپتال میں پنجاب کی نگران حکومت کے دور میں اربوں روپے کی لاگت سے نومبر 2023ء سے ری ویمپنگ کا آغاز کیا گیا جس کے تحت او پی ڈی، ایمرجنسی اور دیگر وارڈز میں تعمیرومرمت کا کام کروایا گیا جو تاحال جاری ہے جبکہ ریویمپنگ کے بعد فعال ہونے والے سیکشنز میں پیش آنے والے پے در پے واقعات نے ہسپتال میں وائرنگ کیلئے استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی پر سوالات کھڑے کردیئے ۔ گزشتہ شب ہسپتال کے بچہ وارڈ میں لگے سیلنگ فین نے اچانک آگ پکڑ لی جس سے زیر علاج نومولود بچوں کی جان خطرے سے دوچار ہوگئی اور مریضوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا کر ہسپتال کو بڑے نقصان سے بچا لیا ، انکیوبیٹرز میں موجود تین بچوں کو بحفاظت دوسری وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسی وارڈ میں کچھ عرصہ قبل اے سی سسٹم بھی زمیں بوس ہوگیا تھا ۔ چند ماہ قبل او پی ڈی کے رجسٹریشن کاؤنٹرز پر لگے سسٹم بھی زیر زمین پانی کی پائپ لائن سے لیکج کے باعث جل گئے تھے جبکہ ایمرجنسی میں بھی سوئچ بورڈ شارٹ سرکٹ کے باعث جلنے اور سیلنگ گرنے کا واقعہ رپورٹ ہوچکا ہے مذکورہ صورتحال کے پیش نظر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے کہا کہ ہسپتال کی ریویمپنگ میں مسائل کی بھرمار ہے ،تحقیقات انتہائی ضروری ہیں ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سے نوٹس لینے کی سفارش کی ہے ۔ دوسری جانب آتشزدگی کے حالیہ واقعہ پر ایم ایس ڈاکٹر محمد فہیم یوسف نے پانچ رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی ہوئی۔