فیصل آباد ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن سمیت کروڑوں کے لائسنس بغیر اشتہار دینے کا انکشاف
فیصل آباد(بلال احمد سے )فیصل آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن سمیت کروڑوں روپے کے لائسنس بغیر کسی اشتہار کے دینے کا انکشاف، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسروں نے پانچ سال تک کی مدت کے 9لائسنس بغیر کسی اشتہار اور ٹینڈرنگ کے جاری کردیئے ۔
ایک کمپنی کو تین تین لائسنس جاری کرنے کا بھی انکشاف ۔عبداللہ کری ایٹیو پرائیویٹ لمیٹڈ کو 1کروڑ 25لاکھ 86ہزار روپے میں 10لاکھ 48ہزار روپے ماہانہ کی بنیاد پر کافی شاپ کا لائسنس دیا گیا۔ اسی کمپنی کو 57لاکھ 14ہزار روپے میں 4لاکھ 76 ہزار روپے ماہانہ کے عوض ٹک شاپ جبکہ 3 کروڑ 22 لاکھ 34ہزار روپے میں 26 لاکھ 86 ہزار روپے ماہانہ کے عوض ایئرپورٹ پر پارکنگ کا لائسنس بھی دیدیا گیا۔ سابق ایئرپورٹ منیجر انور ضیا کی جانب سے گراؤنڈ ہینڈلنگ کا 5سالہ لائسنس گیریزڈانٹا نامی کمپنی کو 4 کروڑ 18 لاکھ روپے کے عوض دیا گیا۔ثانیہ انٹرپرائزز کو بیگ ریپنگ کا لائسنس 5کروڑ 57لاکھ، سویٹ شاپ 6 کروڑ 23 لاکھ اور گفٹ شاپ کا لائسنس 55 لاکھ میں جاری کیا گیا 2021تا 24کے دوران پی آئی اے کو فلائٹ سروس کیلئے 11کروڑ 98 لاکھ روپے کا لائسنس بھی بغیر کسی اشتہار دینے کا انکشاف ہوا ہے ۔ایوی ایشن حکام نے 37 کروڑ 75 لاکھ روپے کے عوض لائسنس کا اجرا اور مدت میں 5سال تک توسیع دینے سے قبل کوئی اشتہار جاری نہیں کیا ۔ دیگر کمپنیوں نے حکومت سے معاملے کا نوٹس لینے اور تمام لائسنسوں کی از سر نو ٹینڈرنگ کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔