چناب نگر :بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ، شہری پریشان
چناب نگر(نامہ نگار )سردی میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کادورانیہ بڑھ چکا، شہری شدیداذیت اور مشکلات میں مبتلا ، کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا۔
تفصیلات کے مطابق چناب نگر اورگردونواح میں دن بھر میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ معمول بن چکا ہے ،بجلی کو اکثر تین تین گھنٹے تک بھی مسلسل بند رکھا جاتا ہے ،شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی آبادیوں میں بھی لوڈشیڈنگ مسلسل جاری ہے اوردیہات کے عوام کو زیادہ تر وقت گھروں میں اندھیرے میں گزارنا پڑ رہا ہے جبکہ بعض علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہیں جن کی مرمت ممکن نہیں بنائی گئی اور ان علاقوں کے مکین کئی کئی روز سے بدستور بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔ واپڈاحکام نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا اورنہ ہی شہریوں کے مطالبات اور احتجاج کے باوجود لوڈشیڈنگ کا تدارک کیا ۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ فوری بند کروائی جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہوسکے ۔