ڈپٹی کمشنر جھنگ کاڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ کا دورہ کیا۔۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سمیت ہسپتال انتظامیہ ،سینئر ڈاکٹرزاورمحکمہ صحت کے افسران ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے انتظامی اموربارے ہسپتال انتظامیہ سے بریفنگ لی اور مختلف وارڈز کے معائنہ کے دوران زیر علاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج معالجہ کیلئے ادویات کے سٹاک اور دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملہ کی حاضری کو سو فیصد یقینی بنانے اور صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنانے سمیت دیگر ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ضلع بھر میں صحت عامہ کے لیے سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر بنایا جا رہا ہے ، عوام کو بہتر سے بہتر علاج معالجہ فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ،عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کارلائے جا رہے ہیں ۔علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ مریضوں کو علاج و معالج میں کسی قسم کی کمی نہ چھوڑی جائے ، مریضوں کو سو فیصد مفت ادویات فراہم کی جائیں، مریض جب ایمر جنسی وارڈ میں علاج معالجے کے لئے آئیں تو اْنہیں ہسپتال انتظامیہ سے کسی قسم کی شکایت نہ ہو، عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی اورصحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری اولین ترجیح ہے ، اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت تمام تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور مراکز صحت کے انفراسٹرکچر میں مزید بہتری لانے کے حوالہ سے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔