دھی رانی پروگرام کے تحت36جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب

دھی رانی پروگرام کے تحت36جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی ۔

سربراہی میں فیصل آباد میں تقریب منعقد ہوئی جس میں 36جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب کا اہتمام کیا گیا،تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر تھے ۔جبکہ ارکان اسمبلی عارف محمود گل،راؤ کاشف رحیم،قدسیہ بتول،عظمی جبیں ،کوآرڈینیٹر سوشل ویلفیئر رانا وارث ،مسلم لیگی رہنما حاجی اکرم ،رانا علی عباس،رانا شعیب ادریس ،سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال جاوید اختر محمود،کمشنر مریم خان،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر،سی پی او کامران عادل،ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان ودیگر افسران کے علاوہ دولہا اوردلہن کے عزیزو اقارب بھی تقریب میں موجود تھے ۔ تقریب میں سہیل شوکت اور خواجہ عمران نذیر نے نو بیاہتا جوڑوں کو وزیر اعلیٰ مریم نواز کی طرف سے نشستوں پر جاکر دھی رانی سلامی کارڈز کے ذریعے فی جوڑا ایک لاکھ روپے سلامی دی جبکہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے تمام جوڑوں کو ڈبل بیڈ، میٹرس،شیشہ،ڈنر سیٹ،پنکھا اور دیگرگھریلو سامان کے تحائف بھی دئیے گئے اور دعائے خیر کرائی گئی، تقریب میں تین مسیحی جوڑے بھی شامل تھے ۔

صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا  پنجاب دھی رانی پروگرام غریب خاندانوں کی بیٹیوں کے لئے ایک تاریخی قدم ہے ،مالی وسائل کی کمی کے باعث اپنی بچیوں کی شادی کے خواب دیکھنے والے والدین کے لئے ایک نیا باب کھل گیا ۔ صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ نے کہا کہ اس پروگرام کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کی بیٹیوں کے لئے ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ تقریب میں شرکاء کے لئے ظہرانہ کا اہتمام بھی کیا گیا،اس موقع پر جھومراور قوالی بھی پیش کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں