ٹو بہ :ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ کمیٹی کا اجلاس
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ نعیم سندھو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کی ٹرانسپورٹ سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ افسران اور کمیٹی ممبران نے شرکت کی،اجلاس کے دوران راجانہ میں نئے بس اسٹینڈ کے قیام، پیرمحل میں سی کلاس بس اسٹینڈ کی اپ گریڈیشن، شہباز چوک پر غیر قانونی رکشہ پارکنگ کے خاتمے اور جدید ٹرک ٹرمینل کے قیام جیسے اہم نکات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ کے مسائل کو فوری اور مؤثر طریقے سے حل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں،رجانہ میں جدید بس اسٹینڈ کا قیام عوامی ضروریات کے پیش نظر کیا جائے گا جبکہ پیرمحل کے سی کلاس اسٹینڈ کو اپ گریڈ کر کے مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے شہباز چوک پر غیر قانونی رکشہ پارکنگ کے مسئلے پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اس کا فوری حل نکالا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، جدید ٹرک ٹرمینل کے قیام کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تاکہ ہیوی ٹرانسپورٹ کی پارکنگ اور لوڈنگ کے مسائل کو حل کیا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔