محراب پور:مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر61سالہ شخص قتل
ملزم موٹر سائیکل لے گئے ،امرود کے باغات میں نوجوان کی موت معمہ، قتل کاشبہصوبھو ڈیرو میں مذاق کرتے ہوئے سر پر چوٹ لگنے سے سبزی فروش نوجوان ہلاک
محراب پور،صوبھوڈیرو (نمائندگان دنیا) محراب پور کے قریب بھریاروڈ تھانے کی حدود یاسین کالونی میں 61 سالہ ریٹائرڈ فوجی عبد الکریم اجن کو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خنجر اور اینٹوں سے حملہ کرکے قتل کر دیا،ملزمان موٹر سائیکل لیکر فرار ہوگئے ، ایس ایچ او غلام مرتضیٰ گورچانی کے مطابق مقتول ٹھارو شاہ کا رہائشی تھا، کئی سال پہلے بھریا روڈ رہائش اختیار کی تھی۔پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے ۔ دوسری جانب امردو کے باغ میں نوجوان کی موت معمہ بن گئی، 17 سالہ نوجوان بشارت شاہ کی لاش ملی، ذرائع کے مطابق پولیس نے شک کی بنیاد پر ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
پراسرار طور پر جاں بحق نوجوان کے ورثاء مسمات ممتاز شاہ اور مسمات مسرت شاہ،مسمات سائرہ شاہ، سجاد شاہ باغ سے امردو توڑنے کے الزام پر قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ کلہاڑی اور ڈنڈے لگنے سے بشارت شاہ جاں بحق ہوا۔ دریں اثنا صوبھوڈیرو کے شاہی بازار میں مذاق کرتے ہوئے سر پر چوٹ لگنے سے چوبیس سالہ نوجوان فوت ہوگیا، جس کی شناخت چوبیس سالہ انیس جامڑو کے نام سے ہوئی ہے ، فوت ہونے والا نوجوان سبزی کا ٹھیلہ لگاتا تھا، پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی، آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔