ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کابنیادی مرکز صحت اور مختلف سکولوں کا دورہ

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اﷲگوندل نے بنیادی مرکز صحت اور مختلف چکوک میں بوائز وگرلز سکولوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے ہیلتھ مرکز میں ادویات کی دستیابی اور علاج معالجہ کی فراہمی کا جائزہ لیا۔انہوں نے مشینری کے فعال ہونے کی تصدیق کی جبکہ صفائی کا نظام بھی بہتر بنانے کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے ریکارڈ رجسٹر بھی دیکھے اورمریضوں کو معیاری طبی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے سکولوں میں تدریسی وانتظامی امور کی مانیٹرنگ کی اورطالب علموں سے سلیبس بارے گفتگو کی۔انہوں نے طالب علموں کی غیر حاضری اور اساتذہ کی عدم توجہی پر محکمانہ ایکشن لینے کی تاکید کی اور کہا کہ معیاری تعلیم اورعمدہ تربیت طرہ امتیاز ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ عادی غیر حاضر ٹیچرز کے خلاف ایکشن لیا جائے ۔انہوں نے ہیڈ ٹیچرز سے کہا کہ وہ سکولوں میں انرولمنٹ پر توجہ دیں اور داخل بچے کسی صورت ڈراپ نہیں ہونے چاہئیں۔