رکشہ اور ویگنوں کے غیر قانونی سٹینڈز،ٹریفک جام معمول،حادثات میں اضافہ

رکشہ اور ویگنوں کے غیر قانونی سٹینڈز،ٹریفک جام معمول،حادثات میں اضافہ

فیصل آباد(عبدالباسط سے )شہر کے مختلف مقامات پر قائم رکشہ اور ویگنوں کے غیر قانونی اسٹینڈز ٹریفک کی روانی میں مسائل پیدا کرنے کے ساتھ ٹریفک حادثات کا سبب بننے لگے ہیں۔۔

 ،غیر سٹینڈز کی وجہ سے ٹریفک کی لمبی قطاریں لگنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔ذرائع کے مطابق نظام ٹریفک کو بہتر بنانے اور شہریوں کو منظم اور محفوظ نظام ٹریفک کی فراہمی کے لئے ٹریفک پولیس افسران اور ملازمین کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات نہ ہونے کے برابر دکھائی دیتے ہیں۔ نڑوالا چوک، امین پور بازار چوک، جی ٹی ایس، سمن آباد، جھنگ بازار، چناب چوک، عبداللہ پور، وارث پورہ، ڈی ٹائپ پل، سلیمی چوک، گیٹوں والا چوک، ناولٹی پل کوہ نور، ریلوے سٹیشن چوک، لاری اڈا، الائیڈ موڑ، جامعہ چشتیہ چوک اور ملت چوک سمیت شہر کے مختلف اہم مقامات پر بااثر افراد کی جانب سے غیر قانونی طور پر رکشہ اور ویگن سٹینڈز قائم کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان غیر قانونی اڈوں کی مبینہ طور پر محکمہ ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و ملازمین کی جانب سے پشت پناہی کی جاتی ہے اور ان کے خلاف قانونی کاروائیاں کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے ۔ذرائع کے مطابق ان غیر قانونی اڈوں کی وجہ سے کئی کئی فٹ چوڑی سڑک چند فٹ تک محدود رہ جاتی ہے ۔ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کے مطابق نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کو محفوظ اور منظم نظام ٹریفک کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں