تاندلیانوالہ :پریس کلب کی فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی
تاندلیانوالہ (نمائندہ دنیا )فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے پریس کلب تاندلیانوالہ کے زیرِ اہتمام لبیک اقصیٰ کے نام سے ریلی کا انعقاد، شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔۔۔
جن پر فلسطینی عوام سے یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔تفصیلات کے مطابق پریس کلب تاندلیانوالہ کے زیر اہتمام گزشتہ روز یہاں پریس کلب سے مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم و بربریت کیخلاف پُرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی جو پریس کلب سے شروع ہو کر شہر کے معروف اور مرکزی مقام ماہی چوک تک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ، ریلی میں صحافیوں کے علاوہ وکلاء، تاجر برادری، طلباء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے اس موقع پر مقررین نے خطاب میں کہا کہ فلسطین میں معصوم بچوں، عورتوں اور بزرگوں پر ہونے والے ظلم و ستم پر عالمی برادری کی خاموشی قابلِ افسوس ہے ،اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم اُمہ اسرائیلی بربریت روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائے ۔