نادہندگان سے واجبات وصولی تیز کی جائے :آصف چودھری
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ہدایت کی ہے کہ نادہندگان سے واجبات وصول کرنے کی مہم مزید تیز کی جائے۔۔۔
اس سلسلے میں قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں اور دیرینہ نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کیلئے بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس میں ریونیو ریکوری کے امور کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے مختلف مدات میں زیر التواء واجبات کا جائزہ لیتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ ریونیو وصولی کی مہم کو نتیجہ خیز بنائیں تاکہ ادارہ کے مالی استحکام کے اہداف کو پورا کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف آپریشن کو کامیابی سے جاری رکھیں اور واجبات جمع نہ کرانے کی صورت میں جائیدادوں کو سر بمہر کرنے میں تاخیر نہ کریں۔ انہوں نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں غیر قانونی ڈویلیمنٹ کے خلاف عائد جرمانوں کی وصولی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کے تاکید کی اور کہا کہ اس سلسلے میں موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ریکوری کیلئے ڈویلپرز سے موثر رابطہ کیا جائے ۔