ڈی پی او جھنگ کی تھانہ شورکوٹ سٹی میں کھلی کچہری

 ڈی پی او جھنگ کی تھانہ شورکوٹ سٹی میں کھلی کچہری

جھنگ،شورکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندہ دنیا)تھانہ شورکوٹ سٹی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن بلال افتخار کیانی نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔۔۔

 جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کئے جس پر انہوں نے پولیس افسران کو مسائل کے فوری اور مؤثر حل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں،علاوہ ازیں ڈی پی اونے جنرل بس سٹینڈ شور کوٹ کے قریب اکرم شہید چوکی کا افتتاح کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ شورکوٹ سٹی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی شکایت پر سب انسپکٹر اظہر حسین کو اختیارات سے تجاوز کرنے پر فوری طور پر معطل کر دیا ۔ ڈی پی او نے اس موقع پر کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور محکمہ پولیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کھلی کچہری کے بعد ڈی پی او نے شورکوٹ سٹی میں اکرم شہید چوکی کا افتتاح کیا اور کہا کہ جرائم کے تدارک کیلئے مزید موثر اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر گفتگو میں ڈی پی او نے کہا کہ اس کے قیام سے جرائم میں کمی ہو گی،چوکی کی بلڈنگ تعمیر کروانے پر کاروباری شخصیت احسن ظفرایڈووکیٹ کے مشکور ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں