پولیو مہم کے دوران غفلت ہرگز برداشت نہیں :نعیم سندھو

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر ٹو بہ ٹیک سنگھ نعیم سندھو نے سٹی ہسپتال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلا کرانسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔۔۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری حارث امجد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف باجوہ اور ڈی ایچ او ڈاکٹر کاشف ندیم گجر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے مہم کے دوران سخت مانیٹرنگ کا نظام نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم کے دوران اپنے بچوں کو قطرے ضرور پلائیں اور گھر پر موجود رہ کر ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔دریں اثنا ء ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مہم کے دوران 4 لاکھ 33 ہزار 838 بچوں کو پولیو سے بچا ؤکے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، اس مقصد کے لیے 1916 موبائل، 106 فکسڈ اور 49 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر اور مختلف عوامی مقامات پر بچوں کو قطرے پلائیں گی، ان ٹیموں کو بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنز اور دیگر اہم مقامات پر بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ کوئی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہ سکے ۔