ناکے، پٹرولنگ، چیکنگ، جرائم میں کمی آنے لگی
فیصل آباد(عبدالباسط سے )شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی، چوری، راہزنی اور لوٹ مار کی دیگر وارداتوں کی روک تھام، جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ اور شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کے لئے فیصل آباد پولیس کی جانب سے بنایا گیا۔۔۔
منصوبہ کام کر گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں لگائے جانے والے ناکہ جات، پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ، گشت اور دیگر اقدامات کئے جانے کے نتیجے میں یومیہ لوٹ مار کی وارداتوں کی تعداد 100 کے ہندسے سے بھی نیچے آگئی۔ جرائم کی وارداتوں میں ہونے والی واضح کمی کی وجہ سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ذرائع کے مطابق ایک کروڑ سے زائد آبادی والے شہر فیصل آباد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ ڈکیتی، چوری، راہزنی اور لوٹ مار کی دیگر وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا تھا۔لوٹ مار کی یومیہ وارداتوں کی تعداد ڈھائی سو سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔ جس کی وجہ سے شہریوں کا نہ صرف گھروں سے باہر نکلنا محال ہو کر رہ گیا تھا۔ بلکہ گھر کی دہلیز پر ہی شہریوں سے لوٹ مار کے واقعات بھی آئے روز سامنے آتے رہتے تھے ۔تاہم سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کی جانب سے ایس ایس پی آپریشنز عمارہ شیرازی اور دیگر افسروں کی معاونت سے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا۔ جس کے تحت شہر بھر کے مختلف علاقوں میں خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس قائم کئے گئے اور اس کے علاوہ شہر بھر کی مین شاہراہوں اور دیگر ہاٹ سپاٹ ایریا میں ایلیٹ، ڈولفن، ایگل اسکواڈ اور پینتھرز سکواڈ سمیت دیگر پولیس ٹیموں کی گشت اور پٹرولنگ کا نظام متحرک کیا گیا۔ جس کی وجہ سے جرائم کی وارداتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔ جرائم کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے پر شہریوں کی جانب سے بھی پولیس کو سراہا جا رہا ہے ۔ تاہم سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کے مطابق فیصل آباد پولیس جرائم کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔