جرائم کیخلاف مہم کے مثبت نتائج نکل رہے :آصف رحیم

جرائم کیخلاف مہم کے مثبت نتائج نکل رہے :آصف رحیم

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈی ایس پی (پٹرولنگ )ٹو بہ ٹیک سنگھ آصف رحیم بٹ نے کہا ہے کہ پٹرولنگ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور مہم اور موثر گشت ڈیوٹی کے نہایت شاندار اور خاطر خواہ مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔۔۔

جس کی بدولت ضلع بھر کی اہم شاہراہوں پر سنگین جرائم کی شرح میں نہ صرف کمی واقع ہوئی ہے ،بلکہ عوام کو امن و سکون کے ساتھ بلا خوف و خطر سفر کے مواقع بھی میسر آئے ہیں ۔اپنے دفتر میں پریس بریفنگ کے دوران آصف رحیم بٹ نے مزید کہا کہ پٹرولنگ پولیس کے افسران اور ماتحت عملہ کو عوام کے ساتھ دوستانہ اور خوش اخلاق رویہ اپنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں غفلت کے مرتکب افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی عمل میں لانے کا انتباہ کیا گیا ۔انہوں نے واضح کیا کہ شاہراہوں پر گشت ڈیوٹی پر مامور عملہ کو اس امر کی سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ 1124پر ایمرجنسی کال موصول ہونے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر پہنچ کر اپنی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور کال کرنے والے افراد کی ہر ممکن معاونت کی جائے ۔ انہوں نے پٹرولنگ پوسٹوں کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ بیٹ ایریا میں بلیک سپاٹس اور گرد و نواح میں مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی جائے تاکہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں