شہریوں کو ریلیف دینے پر توجہ مرکوز :ڈی جی ایف ڈی اے

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے کہا ہے کہ شہریوں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے ۔۔
اس سلسلے میں ہمہ جہت جدید اصلاحات متعارف کرائی گئی ہے تاکہ سروس ڈیلیوری کے معیار میں اضافہ اور محکمہ امور میں شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سننے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت شہریوں کیلئے کھلے ہیں اور وہ اپنے مسائل کے حوالے سے بلا روک ٹوک ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے شعبہ ٹاؤن پلاننگ اور اسٹیٹ مینجمنٹ کے افسران سے کہا کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں، ناجائز تعمیرات، غیر قانونی کمرشلائزیشن، تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن جاری رہنا چاہئے ، اس سلسلے میں لوگوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت ضرور چیک کر لیں تاکہ بعد میں انہیں کوئی مشکل یا پریشانی نہ ہو۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہریوں کی شکایات سنتے ہوئے ون ونڈو کاؤنٹر کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ درخواست گزاروں کو ٹائم لائن کے مطابق ریلیف فراہم کریں اس سلسلے میں بلاجواز تاخیر یا سرکاری کام میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔