ویگنوں اور رکشوں سے گیس سلنڈر اتروانا غریب دشمنی :میاں اعجاز

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی رہنما میاں اعجاز حسین نے کہا ہے کہ حکمران بنگلہ دیش کے سابق حکمرانوں کے انجام سے سبق سیکھیں۔۔
حسینہ واجد کو تو محفوظ راستہ مل گیا تھا لیکن موجودہ حکومتی مشیروں، وزیروں کو عوام کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ویگنوں اور رکشاؤں میں اوگرا لیبارٹریز سے پاس گیس سلنڈروں کو اتروانا، ایل پی جی گیس ڈیلرز پر گیس فروخت کرنے کی ممانعت جیسے اقدامات غریب دشمنی پر مبنی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف روڈز پر ٹرانسپورٹروں سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رانا امجد، خالد جٹ، ناصر اعجاز جٹ، ماجد جٹ، بابا کاشی اور عمران چیمہ ان کے ہمراہ تھے ۔ میاں اعجاز حسین نے کہا کہ حکومت اپنی بنائی پالیسیوں سے انحراف کررہی ہے ، بندش کی بجائے اصلاح کی ضرورت ہے ،معلوم نہیں حکمران کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ، حکومت اور انتظامیہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کرے ، زور زبردستی کے فیصلوں کو نہیں مانتے ۔