انتظامیہ کی لاپرواہی،گرمی بڑھتے ہی پارکس کی حالت مزید خراب
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث پارکس کی حالت مزید خراب ہونے لگی، پی ایچ اے افسران ٹھنڈے کمروں میں خواب خرگوش کے مزے لینے میں مصروف۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے مختلف پارکس پر گرمی کے اثرات مرتب ہورہے ہیں جہاں موجود گھاس ،درخت اور پودے گرمی کے باعث پیلے پڑرہے ہیں، رہائشی کالونیوں میں موجود پارکس کی حالت زیادہ خراب ہے ۔متعدد پارکس میں پودوں اور درختوں کو کانٹ چھانٹ کی اشد ضرورت ہے ۔ پی ایچ اے کی جانب سے پارکس میں موجود پودوں اور درختوں کو پانی دینے پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی گرمی کی شدت میں اضافہ سے ان کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے ، بیشتر پارکس کی لائٹیں خراب ہوچکی ہیں ، نشے کے عادی افرادکا پارکس میں بیٹھ کر منشیات کا استعمال بھی معمول بن چکا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقوں میں موجود پارکس کی حالت زار کو نظرانداز کردیا جاتا ہے ،وہاں کئی کئی ماہ تک پی ایچ اے کا عملہ نہیں آتا ۔ پی ایچ اے انتظامیہ صرف کاغذی کارروائیوں تک محدود ہے۔