ڈپٹی کمشنر جھنگ کی تحصیل احمد پور سیال میں کھلی کچہری

جھنگ،گڑھ مہاراجہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرتحصیل سطح پر کھلی کچہریوں سے سائلین کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی جاری ہے ۔
اس حوالہ سے ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے تحصیل احمد پور سیال میں کھلی کچہری لگائی جس میں علاقہ مکینوں نے مختلف نوعیت کے مسائل کے حل اور ازالہ کے لئے درخواستیں پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے فرداً فردا ً مسائل سن کر ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کر دیئے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور سیال محمد وقاص ظفر، پاکستان مسلم لیگ(ن)کے ڈسٹرکٹ مانیٹر امیر عباس سیال اور متعلقہ دیگر افسران،صحافی بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنرعلی اکبر بھنڈرنے کھلی کچہری سے خطاب میں کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ بہتر سئے بہتر پبلک سروس ڈیلیوری کو یقینی بنائیں اور سائلین کو انصاف کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل کا حل کیا جارہا ہے ۔100کلو میٹر کی مسافت کرکے احمد پور سیال میں کھلی کچہری لگانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ عوام کا احساس محرومی ختم کیا جائے اور انہیں باور کروایا جائے کہ ضلعی انتظامیہ مسائل کے حل کیلئے ان کی دہلیز پر موجود ہے ۔