زرعی یونیورسٹی میں افواج پاکستان کی کامیابی پر یوم تشکر منایاگیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر منایا جبکہ۔۔۔
اس دوران زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی قیادت میں یوم تشکر ریلی اقبال آڈیٹوریم سے یونیورسٹی کلاک ٹاور تک نکالی گئی۔ شرکاء نے ملک کے خلاف دشمن کی جارحیت اور ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر ملک کی مسلح افواج کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا اور نعرے بھی لگائے ۔ سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ مسلح افواج ہمارے ملک کا فخر ہیں جو پوری طاقت اور بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ ملک کا تحفظ کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے متحد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارا دشمن بری نظر سے دیکھنے کا تصور بھی نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہماری مسلح افواج لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں اسی طرح ہمیں غذائی تحفظ کے محافظ ہونے کے ناطے زرعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا، ریلی کا اہتمام سینئر ٹیوٹر آفس کے زیراہتمام کیا گیا۔