کسان بورڈ کی طرف سے بجٹ تجاویز پیش کر دی گئیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی صدر سردار ظفر حسین خان نے وفاقی سیکرٹری فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کوخط میں کسان برادری کو درپیش مالی مشکلات پر روشنی ڈالتے ہوئے۔۔۔
مالی سال2025-26کے بجٹ میں شامل کرنے کیلئے اہم تجاویز بھی پیش کی ہیں تاکہ کسان برادری کو سہولت فراہم کی جاسکے۔ تجاویزمیں کہاگیاہے کہ فاسفورس کھاد خصوصاً ڈی اے پی کی زیادہ قیمت نے زراعت میں پیداواری اعدادوشمار کو تبدیل کر دیا ہے ۔ کسان بورڈ نے وفاقی حکومت کی طرف سے مقرر کردہ جنرل سیلز ٹیکس5 فیصد کے ساتھ ویلیو ایڈڈ ٹیکس 3فیصد واپس لینے کی تجویز دی۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو بھی5فیصد سے کم کیا جائے تاکہ کھاد کو اس کے متوازن استعمال کے لیے کم اور سستی قیمت پر دستیاب کرایا جا سکے ۔ سردار ظفر نے یہ بھی تجویز کیا کہ کاشتکاروں کی بروقت بوائی، نگہداشت کے طریقوں اور کٹائی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے زرعی مشینری کی درآمد پر صفر درآمدی ڈیوٹی یا کم ٹیکس لگا کر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔ مزید برآں، زرعی پیداوار کی قدر میں اضافے کے لیے بیج، مشینوں اور آلات پر براہ راست ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے ۔ سردار ظفر خان نے توقع ظاہر کی کہ متعلقہ اعلیٰ حکام زرعی پالیسیوں کیلئے مثبت اقدامات کریں گے ۔