ٹوبہ کے 373 ہونہار طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والے۔۔۔
373 ہونہار طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ ،635 مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو سکالرشپ کی مد میں 40 لاکھ 25 ہزار 60 روپے کے چیک دئیے گئے ۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو کا کہنا ہے کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی تعلیم و ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اس لئے فروغ تعلیم کے سلسلہ میں اربو ں کی خطیر رقم بھی خرچ کی جا رہی ہے ،ہر محب وطن کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ نو نہال بچو ں کو زیو ر تعلیم سے ضرور آراستہ کروائیں تا کہ پا ک وطن علم کے نو ر سے مزین ہو سکے ۔انہوں نے کہا ہے کہ تعلیم مہذب معاشروں کی بنیادی اکائی ہے ، کیونکہ افراد علم سے بہرہ مند ہوکر ہی ملک و قوم کا نام روشن اور ترقی و خوشحالی کی منزلوں کی جانب گامزن ہوسکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوجوان نسل کی بہتر تعلیم،ہمہ جہت تربیت اور معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے اخلاق و کردار کی تعمیر وقت کا اہم تقاضا ہے جو انھیں زندگی کے تمام مراحل میں درپیش چیلنجز سے احسن طور پر نبرد آزما ہونے اور مثبت رویہ اپنانے کے قابل بناتا ہے ،بلاشبہ قوم کا مستقبل قوم کے معماروں کے ہاتھوں ہی سنورتا ہے ۔