ملازمین کے حقوق کا محافظ ای او بی آئی خود مسائل کا شکار

فیصل آباد( عبدالباسط سے )پرائیویٹ اداروں میں زیر ملازمت ملازمین کو مختلف مراعات اور ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کوپنشن اور دیگر مالی سہولیات سمیت حقوق کی ادائیگی کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرنے والا محکمہ ای او بی آئی خود مسائل کا شکار بن گیا۔
گزشتہ 11 سال سے محکمے میں نئے افسروں اور ملازمین کی بھرتیاں نہ ہونے کی وجہ سے افرادی قوت کی بھی شدید کمی پیش آنے لگی ہے ۔فیصل آباد میں صرف 22 کے لگ بھگ ملازمین پر مشتمل ٹیم محکمانہ امور کی انجام دہی میں مصروف ہے ۔ جس کی وجہ سے نہ صرف محکمانہ امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، بلکہ ریو نیوکولیکشن کم ہونے سے سرکاری خزانے کو بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس کے باوجود اعلی ٰحکام نئے ملازمین کی بھرتیوں کیلئے اقدامات اٹھانے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ ای او بی آئی ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں لگ بھگ 10 ہزار سے زائد رجسٹرڈ فرمز، جبکہ 15 ہزار سے زائد غیر رجسٹرڈ اور چھوٹی صنعتیں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق ای او بی آئی کو فیصل آباد ڈویژن میں تین ریجنز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ جن میں سینٹرل ریجن، نارتھ ریجن اور ساؤتھ ریجن شامل ہیں۔ تینوں ریجن میں ایک ڈویژنل ڈائریکٹر، تین ڈپٹی ڈائریکٹر اور چھ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سمیت 25 کے لگ بھگ دیگر سٹاف ممبر شامل ہیں۔ ڈویژن بھر میں صرف 25 کے لگ بھگ ملازمین کے لئے 10 ہزار سے زائد رجسٹرڈ اور 15 ہزار سے زائد غیر رجسٹرڈ یونٹس، فیکٹریوں اور انڈسٹریز کو مانیٹر کرنا، ان کی رجسٹریشن کے لئے اقدامات اٹھانا اور غیر رجسٹرڈ ملازمین کو سسٹم میں رجسٹرڈ کرنا ناممکن ہو کر رہ گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے پرائیویٹ فیکٹریوں میں زیر ملازمت ملازمین کو بروقت رجسٹرڈ نہ کئے جانے کی وجہ سے ملازمین پنشن اور دیگر مراعات کے حصول سے محروم رہ جاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ ای او بی آئی میں ملازمین کی کمی کی وجہ سے چند گھنٹوں کے کام کی تکمیل کے لئے بھی آنے والے سائلین کو کئی کئی ہفتوں تک انتظار کی سولی پر لٹکا دیا جاتا ہے ۔ تاہم ڈویژنل ڈائریکٹر ای او بی آئی شیخ نثار کہتے ہیں کہ ملازمین کی کمی کے حوالے سے حکام کو آگاہ کیا جا چکا ہے ، جلد مسائل پر قابو پا لیا جائے گا۔