چلڈرن ہسپتال میں کسی بھی وقت بجلی کے بڑے بریک ڈائون کا خدشہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)چلڈرن ہسپتال فیصل آباد میں بجلی کی فراہمی کیلئے مخصوص 11 کے وی کا متبادل فیڈر کئی برس گزرنے کے باوجود فعال نہ کیا جا سکا۔۔
جس کے باعث ہسپتال میں کسی بھی وقت بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا خدشہ ، فیسکو کی متعدد بار نشاندہی اور باقاعدہ نوٹسز جاری کرنے کے باوجود ہسپتال انتظامیہ مطلوبہ \\\"چینج اوور سوئچ\\\"کی تنصیب میں ناکام ہے جو اس منصوبے کی تکمیل کی راہ میں واحد رکاوٹ ہے ۔دستیاب دستاویزات کے مطابق فیسکو نے 10 جولائی 2024 کو ایک ترمیم شدہ دفتری حکم کے تحت متبادل فیڈر کیلئے تکنیکی منظوری دی تھی، جس کے تحت \\\"چلڈرن ہسپتال II\\\"کے نام سے 11 کے وی کا علیحدہ فیڈر منظور کیا گیا، اس فیڈر کی فراہمی پر تخمینہ لاگت 11.4 ملین روپے سے زائد مقرر کی گئی جبکہ چند مخصوص شرائط بھی رکھی گئیں جن میں سب سے اہم شرط یہ تھی کہ \\\"چینج اوور سوئچ\\\"ہسپتال کو خود اپنی لاگت پر مہیا کرنا ہوگا ۔ فیسکو ترجمان سعید رضا کا کہنا ہے کہ تاخیر کی ذمہ دارہسپتال انتظامیہ ہے ۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں بجلی جیسے بنیادی انفراسٹرکچر کا غیر فعال رہنا سنگین خطرہ ہے ۔ بجلی کی اچانک بندش اور بیک اپ کے طور پر جنریٹر میں کسی بھی خرابی سے وینٹی لیٹرز، انکیوبیٹرز، آپریشن تھیٹرز اور دیگر اہم طبی سہولیات کا متاثر ہونا یقینی ہے ، جو ہسپتال داخل بچوں کیلئے مہلک ثابت ہو سکتا ہے ۔ شہریوں نے سیکرٹری صحت پنجاب اور کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے چینج اوور سوئچ کی تنصیب اور فیڈر کی جلد از جلد فعالیت یقینی بنائیں ۔ یاد رہے چلڈرن ہسپتال فیصل آباد پہلے ہی طویل عرصہ سے ادویات کی عدم دستیابی، فنڈز کی شدید کمی اور ضروری طبی سہولیات کے فقدان کا شکار ہے ۔ حال ہی میں تعینات ایم ایس ڈاکٹر عامر نوید کو نظام کی بہتر ی کیلئے کٹھن چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔