کمالیہ :سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، مٹی دھول سے شہری بیمار

کمالیہ(نمائندہ خصوصی،نمائندہ دنیا )کمالیہ کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، مٹی دھول سے شہری بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ۔
تفصیل کے مطابق شہر کمالیہ کی بیشتر سڑکیں اس وقت شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔ مرکزی شاہراہوں، گلی محلوں اور بازاروں کی سڑکوں تک میں جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں ، مٹی اور گردوغبار سے سڑکیں دھندلا چکی ہیں،ان شاہراہوں پر ٹریفک حادثات بھی معمول بن چکے ہیں،گاڑیاں کٹھارہ بننے لگی ہیں،ٹریفک کی روانی میں مسلسل رکاوٹیں پیدا ہو رہیں اور دھول اُڑنے سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے ، شہری دمہ، الرجی، نزلہ، زکام اور سانس کی دیگر بیماریوں میں مبتلاہورہے ہیں ۔یاد رہے مل فتیانہ روڈ اور ماموں کانجن روڈ سڑک کی تعمیر گذشتہ کئی ماہ سے تاخیر کا شکار ہے ،ٹھیکیدارکام ادھورا چھوڑ کر صرف بجری ڈال کر غائب ہو چکا ہے ، پانی کا چھڑکاؤ نہ ہونے پر ٹریفک کی آمدورفت سے اڑنے والی گرد و غبار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ،ٹریفک حادثات میں اب تک متعدد افراد جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی خستہ حال سڑکوں کی فوری مرمت اور صفائی کے مؤثر اقدامات کئے جائیں ۔