ٹو بہ :عیدالاضحی کے انتظامات،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) عیدالاضحی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔۔۔
جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی،اجلاس میں مویشی منڈیوں، صفائی، سکیورٹی، ٹریفک، ہیٹ سٹروک سے بچاؤ، پانی کی فراہمی اور ریسکیو اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ عید کے تینوں دن صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں، جانوروں کی آلائشیں بروقت اٹھائی جائیں ،محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ مویشی منڈیوں میں ویٹرنری چیک پوسٹس قائم کی جا رہی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے میونسپل اداروں کو ہدایت کی کہ گرمی کی شدت کے پیش نظر مویشی منڈیوں اور عوامی مقامات پر ہیٹ سٹروک سے بچاؤکے لیے چھاؤں، پنکھوں، واٹر کولرز اور ابتدائی طبی امداد کے انتظامات کئے جائیں ۔دوسری طرف عیدالاضحی کے موقع پر امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور قربانی کے جانوروں کی کھالوں کے ضابطہ کے مطابق حصول کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس بھی ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔نعیم سندھو نے واضح کیا کہ قربانی کی کھالیں صرف ایس او پیز کے تحت اور ضلعی انتظامیہ سے اجازت یافتہ ادارے ہی جمع کر سکیں گے۔