ٹو بہ :یومِ تکبیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام تقریب
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )یومِ تکبیر پاکستان کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔۔
، جس میں ایم پی اے امجد علی جاوید اور ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی،تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید جمیل حیدر شاہ، ڈی ایس پی ملک شاہد حسین، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین، سی ای او ایجوکیشن راحیلہ جمیل ، سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر نوشیر خان سمیت دیگر ضلعی افسران، امن کمیٹی کے اراکین، وکلا، میڈیا نمائندگان، سول سوسائٹی اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں ایم پی اے امجد علی جاوید نے کہا کہ 28 مئی 1998 کا دن پاکستان کی تاریخ کا وہ سنہری باب ہے جس دن وطنِ عزیز نے دنیا کو باور کرایا کہ ہم خودمختار اور ناقابلِ تسخیر قوم ہیں، انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک تمام قیادت اور سائنسدانوں نے اس قومی مشن میں جو کردار ادا کیا وہ قابلِ تحسین ہے ۔ڈی سی نعیم سندھو نے کہا کہ 28 مئی کو ہونے والے پانچ ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا، آج ہم اور ہماری آنے والی نسلیں محفوظ سرزمین پر پرسکون زندگی گزار رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر یومِ تکبیر ریلی نکالی گئی، جس میں پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے گئے اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔