واسا نے برسات کے دوران معیاری سروسز کا انتظام کر لیا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائوسنگ ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر سلطان باجوہ نے کہا ہے کہ واسا فیصل آباد نے موسم برسات کے دوران نکاسی آب کی معیاری سروسز کی فراہمی کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
تمام مشینری فنکشنل جبکہ ڈسپوزل سٹیشن پر بجلی کے متبادل انتظامات بھی کئے گئے ہیں ۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کے ہمراہ واسا ہیڈ آفس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں نکاسی آب کی بہترین سروسز پر فوکسڈ ہیں اور ایک جامع اور موثر پلان کے تحت واسا فیصل آباد نے گذشتہ ایک سال کے دوران نکاسی و فراہمی آب کی سروسز ڈیلیوری کے حوالے سے بہت زیادہ امپروومنٹ کی ہے اور اس وقت واسا فیصل آباد پنجاب بھر کے تمام واساز میں کارکردگی کے لحاظ سے سرفہرست ہے ۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ مون سون پلان کے تیاری کے سلسلے ڈرینج نالوں اور سیوریج لائنز کی ڈی سلٹنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ اس کیساتھ ساتھ مرکزی کنٹرول 15 جون سے فعال ہو جائے گا جبکہ تمام مشینری کی انسپکشن بھی کی جارہی ہے اور مون سون میں شہریوں کو نکاسی آب کے حوالے سے پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔