مویشی منڈی خانوآنہ میں خواتین کیلئے 16الگ شیڈز قائم

مویشی منڈی خانوآنہ میں خواتین کیلئے 16الگ شیڈز قائم

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن اور حکومتِ پنجاب کی خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی کے تحت، مویشی منڈی خانوآنہ میں خواتین کی سہولت اور شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے 16 علیحدہ شیڈز قائم کر دئیے گئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ ڈاکٹر زرغنہ خالد کی نگرانی میں یہ انتظامات مکمل کیے گئے ، جن کا مقصد خواتین خریداروں کو محفوظ، باوقار اور آسان ماحول فراہم کرنا ہے ۔ڈاکٹر زرغنہ خالد نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں فعال کردار دینے کی عملی مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین خریدار اب قربانی کے جانور خواتین بیوپاریوں سے براہِ راست خرید سکیں گی، جس سے نہ صرف خریداری میں سہولت پیدا ہو گی بلکہ خواتین بیوپاریوں کو بھی باوقار روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی ہدایت پر منڈی میں علیحدہ داخلی راستہ، سکیورٹی، اور ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ خواتین کسی دقت یا رش کے بغیر خریداری کر سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں