ٹریفک حادثات میں کمی کیلئے مختلف اقدامات کی منظوری
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔۔۔
جس میں ضلع میں ٹریفک حادثات میں کمی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مختلف انتظامی و تادیبی اقدامات کی منظوری دی گئی اجلاس میں ٹریفک، ٹرانسپورٹ، پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسر شریک ہوئے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ۔ ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، گاڑیوں کی فٹنس اور کم عمر ڈرائیونگ کے خلاف سخت کارروائی سے ہی حادثات کی روک تھام ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ رکشوں اور نجی ایمبولینسز کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے ۔گیس سلنڈرز پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایرانی نان کسٹم پیڈ تیل کی فروخت پر خصوصی کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔کم عمر موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت اور بلا تفریق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کوئی بھی گاڑی سڑک پر نہیں چلنے دی جائے گی۔