فنڈز کی کمی، ای او بی آئی مسائل کا شکار بن گیا
فیصل آباد( عبدالباسط سے )پرائیویٹ فیکٹریوں، ملز اور دیگر اداروں میں کام کرنے والے ملازمین اور افسروں کو ان کے حقوق کی فراہمی اور پنشنز اور دیگر مراعات کی صورت میں مالی امداد فراہم کرنے والے محکمہ ای او بی آئی کے افسروں اور ملازمین فنڈز کی مبینہ کمی کی وجہ سے خود ہی مسائل کا شکار بن گئے۔
فنڈز کی کمی کی وجہ سے نہ صرف محکمہ کے سرکاری امور متاثر ہورہے ہیں، بلکہ مختلف کاموں کے سلسلے میں دفتروں کے چکر لگانے والے شہریوں کے کام تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے انہیں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ گزشتہ6مہینوں سے فنڈز کی عدم ادائیگیوں کے باعث محکمانہ امور متاثر ہونے کے باوجود بھی حکام بالا مبینہ طور پر مالی مسائل اور محکمہ کو درپیش مشکلات کے خاتمے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے گزشتہ تقریبا چھ ماہ سے زائد کے عرصے سے میڈیکل اور فیول کی مد میں ملنے والی رقوم سمیت دیگر فنڈز کی ادائیگیوں میں ٹال مٹول کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔فیصل آ باد صنعتی شہر میں ای او بی آئی ریکارڈ کے مطابق تقریبا 10 ہزار سے زائد رجسٹرڈ فرمز، انڈسٹریز، ملز اور دیگر پرائیویٹ ادارے موجود ہیں، جبکہ اسکے علاوہ 15 سے 20 ہزار سے زائد غیر رجسٹرڈ ادارے بھی موجود ہیں۔ ضلع بھر کے تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ اداروں کی مانیٹرنگ اور غیر رجسٹرڈ اداروں کو ای او بی آئی سسٹم میں رجسٹرڈ کرنے کیلئے مختلف علاقوں کا وزٹ کرنا لازم ہوتا ہے ۔
اور اس مقصد کے حصول کے لئے محکمہ کے فائنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے افسران اور ملازمین کو ان کے علاقوں اور عہدوں کے حساب سے فیول کی مد میں پیسوں کی ادائیگیاں کی جاتی ہیں، تاکہ سرویلنس اور مانیٹرنگ کا کام بہتر انداز میں سرانجام دیتے ہوئے محکمانہ ٹارگٹس اور اہداف کو باآسانی اور بہتر انداز میں حاصل کیا جا سکے ۔ لیکن ذرائع سے اس بات کا انکشاف ہوا کہ ای او بی آئی فنانس ڈیپارٹمنٹ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے گزشتہ تقریبا چھ مہینے سے زائد کے عرصے سے میڈیکل اور فیول کی مد میں ملنے والے فنڈز سمیت دیگر فنڈز کی ادائیگیوں کے وقت مختلف اعتراضات لگاکر ان میں بھاری مالیت کے کٹوتیاں کر لی جاتی ہیں۔ جس کی وجہ سے محکمہ امور بری طرح سے متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔ فیول کی مد میں ملنے والے فنڈز فراہم نہ کئے جانے کی وجہ سے افسران اور ملازمین کی جانب سے اپنے علاقوں میں مانیٹرنگ اور سرویلنس کے حوالے سے کئے جانے والے وزٹس کو بھی مبینہ طور پر روک دیا گیا ہے ۔ ریجنل ڈائریکٹر ای او بی آئی شیخ نثار احمد کہتے ہیں کہ صورتحال سے متعلق حکام کو آگاہ کیا جا چکا ہے جلد بہتر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔