پابندی کے باوجود سری پائے جلانے والوں کا کاروبار عروج پر رہا

 پابندی کے باوجود سری پائے جلانے والوں کا کاروبار عروج پر رہا

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات حکام کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے شہر بھر میں عید قربان کے موقع پر پابندی کے باوجود سری پائے جلانے والے غیر قانونی یونٹس چلانے والے افراد کا کاروبار عروج پر رہا۔

ذرائع کے مطابق عید قربان کے موقع پر فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کی جانب سے خصوصی طور پر ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں تاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر قائم کی جانے والی سری پائے تیار کرنے والی دکانوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے لیکن اس کے باوجود بھی ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے ان افراد کو لگام نہ ڈالی جاسکی۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی قربانی کے جانوروں کے سری پائے تیار کرنے والے سینکڑوں غیر قانونی پوائنٹس قائم ہوئے ۔ مختلف رہائشی علاقوں، مین شاہراہوں، گلیوں محلوں اور دیگر اہم مقامات پر قائم سینکڑوں یونٹس پر مختلف ممنوعہ طریقوں سے سری پائے جلاتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کا سلسلہ بلا خوف و خطر جاری رکھا گیا ، ان غیر قانونی پوائنٹس پر مبینہ طور پر لاکھوں کی تعداد میں مختلف طریقوں سے جلاتے ہوئے اور مختلف کیمیکلز اور مختلف طریقوں کی مدد سے سری پائے تیار کئے گئے ۔ جس کی وجہ سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پھیلی بلکہ شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شہریوں کے مطابق متعلقہ اداروں کے حکام کو معاملے سے متعلق متعدد شکایات کا اندراج بھی کروایا گیا لیکن اس کے باوجود حکام کی جانب سے ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے کوئی موثر اقدامات نہ اٹھائے گئے بلکہ صرف کاغذی کاروائیوں تک ہی اکتفا کیا گیا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کو شکایات کا اندراج کروائے جانے کے باوجود بھی ان عناصر کے خلاف کاروائیاں عمل میں نا لائے جانے پر کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان عناصر کے خلاف سخت کاروائیاں عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کے خلاف بھی محکمانہ اور قانونی کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں