ایف ڈی اے کی طرف سے پلاٹس کی نیلامی 18 جون کو ہو گی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے مختلف کمرشل اور رہائشی پلاٹس فروخت کئے جائیں گے جن کی نیلامی 18جون 2025 کو گیارہ بجے دن ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں منعقد ہوگی۔
یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں نیلام کئے جانے والے پلاٹس کی تفصیلات اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصو د پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف و دیگر افسر موجود تھے ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ نیلامی کے لئے پیش کئے جانیوالے کمرشل و رہائشی پلاٹس ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں واقع ہیں جن میں مین بلیوارڈ پر مختلف رقبہ جات کی دکانیں اور مختلف بلاکس میں10مرلہ اور ایک کنال کے رہائشی پلاٹ شامل ہیں جبکہ شادی ہال /مارکی، ہسپتال، پٹرول پمپ کے لئے مختص رقبہ جات بھی لیز پر دینے کے لئے نیلام کئے جائیں گے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ پلاٹس کی فروخت کا مقصد ایف ڈی اے کی مالی پوزیشن مستحکم کرنا ہے لہذا زیادہ سے زیادہ پلاٹس کی فروخت کے لئے نیلامی کے شیڈول کو وسیع پیمانے پر مشتہر کیاجائے ۔