پینسرہ:ایران پر اسرائیلی حملوں کیخلاف احتجاجی ریلیاں

پینسرہ(نمائندہ دنیا )پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور حقوق خلق پارٹی کے زیر اہتمام سیکٹر باؤ والا جھنگ روڈ اور سیکٹر فیض آباد میں اسرائیل کے ایران پر حملہ کیخلاف ریلیاں نکالی گئیں۔
اس دوران صیہونیت مردہ باد ریلی کی قیادت بابا لطیف انصاری ، عرفان علی ، آصف رجوکہ ، فیض بندیشہ ، زین جٹ ، ملک ہاشم اعوان ، سلیم پہلوان نے کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوے کہاکہ ایران پر اسرائیل کے میزائل حملوں کیلئے جو بھی جواز اسرائیل کی حکومت نے پیش کئے ہم اس کو مکمل طور پر رد کرتے ہیں اور ایرانی عوام کی جانب سے صیہونی طاقتوں کے خلاف ڈٹ جانے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے اس پورے خطے میں مزاحمت کی ہر شکل کو ختم کرنے کیلئے ایران پر حملہ کیا گیا لیکن مزاحمت ختم نہیں ہو رہی ، جس قسم کا ظلم تشدد فلسطینی عوام کے ساتھ کیا گیا یہ اسی کا تسلسل ہے ،اسرائیل ایران پر فوری طور پر حملے بند کرے ، عالمی برادری اسرائیلی جنگی جرائم کا نوٹس لے ،ہم پاکستان حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ایران کی ہر طرح سے مدد کی جائے ۔