حکومتی لاپرواہی،بیشتربھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہوسکے

 حکومتی لاپرواہی،بیشتربھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہوسکے

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت کی توجہ اورسیکرٹری ماحولیات کے بیانات کے باوجود محکمہ ماحولیات کی روایتی غفلت کے باعث بیشتر بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہوسکے۔۔۔

 محکمے کی جانب سے کی جانے والی دکھاوے کی کاروائیاں اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ماحولیات بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کروانے میں ناکام ہو چکا ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں 600 سے زائد بھٹہ جات موجود ہیں جن میں سے صرف 100 بھٹہ جات ہی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہوسکے ، باقی بھٹہ جات نے زگ زیگ ٹیکنالوجی کی بجائے صرف بلور لگا کر ہی کام چلا رکھا ہے ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات نے بھی اس اہم اور سنگین مسئلے کو پس پشت ڈال رکھا ہے ،سردی شروع ہوتے ہی سموگ کا مسئلہ بھی ختم ہونے میں نہیں آتا جس کیلئے گرم موسم میں اقدامات کرنا ضروری ہوتا ہے لیکن یہاں نہ تو بھٹہ جات زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہوسکے اور نہ ہی بھٹہ مالکان نے معیاری ایندھن کا استعمال شروع کیا ۔ بھٹوں پر معیاری کوئلے کی بجائے ایندھن کیلئے متبادل اشیاء استعمال کرنے کی وجہ سے سیاہ دھواں نکلتا ہے ،دھویں میں موجود سیاہ زرات ہوا میں معلق ہوجاتے ہیں اور فضائی آلودگی کا سبب بنتے ہیں ،جو گرم موسم میں تو نظر نہیں آتے لیکن سردیاں شروع ہونے کے بعد ہوا میں نمی زیادہ ہونے کی وجہ سے سموگ کی صورت میں نظر آتے ہیں جس کے بعد حکومت اور ضلعی انتظامیہ دکھاوے کیلئے متحرک ہوجاتی ہے ۔محکمہ ماحولیات پر بھی چند دن کا پریشر آتا ہے ، کاروائیاں اور جرمانے تیز ہوتے ہیں لیکن اس کے بعد ایک لمبی خاموشی شروع ہوجاتی ہے ، اگر سرد موسم میں سموگ سے بچنا ہے تو ابھی سے اقدامات شروع کرنا ہوں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں